نئی دہلی ، 22 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اترپردیش میں بی جے پی سے اتحادیوں کی ناراضگی کی خبر کے درمیان ریاست کے نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ نے زوردیا ہے کہ اپنا دل اور سہیل دیو سماج پارٹی کے ساتھ بی جے پی کا اتحاد پہلے کی طرح جاری رہے گا اور 2019 کے لوک سبھاانتخابات میں یہ اتحاد ’73 پلس‘سیٹوں پر جیت درج کرے گا۔کیشو پرساد موریہ نے خاص بات چیت میں کہاکہ بی جے پی کا اتحاد2014 ہی اپنا دل کے ساتھ ہے اور وہ بنا رہے گا۔اسی طرح سے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے ساتھ بھی اتحاد بنا رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان اتحادیوں کے ساتھ 2014( گزشتہ لوک سبھا انتخابات) اور 2017( اسمبلی انتخابات) کی طرح ہی اتحاد بنا رہے گا۔غورطلب ہے کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور اتحادی جماعتوں نے اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں 73 پر جیت درج کی تھی جبکہ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اتحاد کو 325 سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی تھی۔اترپردیش کے نائب وزیر اعلی سے ریاست میں دونوں اتحادیوں کی کچھ وقت سے چلی آرہی ناراضگی کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔اپنا دل جہاں مسلسل ریاست کی یوگی حکومت اور بی جے پی کی ریاستی یونٹ پر غفلت کا الزام لگا رہا ہے، وہیں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے لیڈر اوم پرکاش راج بھر او بی سی ریزرویشن میں اشتراک کے لئے قائم سماجی انصاف کمیٹی کی رپورٹ میں لاگو کی گئی سفارشات کو نافذ کرنے کے مطالبے پر زور دے رہے ہیں۔مرکزی وزیر انوپریا پٹیل کی پارٹی اپنا دل اور راج بھر کی پارٹی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے اتحاد کو لے کر نظر ثانی کرنے کی بات بھی کہی ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ حال ہی میں راج بھر نے بی جے پی صدر امت شاہ سے اس بارے میں بحث کی۔یوگی آدتیہ ناتھ کی بھی پارٹی صدر سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔اس موضوع میں پوچھے جانے پر کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ دونوں ہماری ساتھی پارٹیاں ہیں اور ایسے میں ان کے رہنما ہمارے قومی صدر سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ریاست میں اتحاد کو مضبوط بنانے اور انتخابات کے تناظر میں پارٹی صدر سے بحث فطری عمل ہے۔اترپردیش کے نائب وزیر اعلی نے کہاکہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں 73 پلس سیٹوں پر جیت درج کریں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں پھر بی جے پی قیادت این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکز میں بی جے پی کے 55 ماہ بمقابلہ کانگریس کے 55 سال اور اتر پردیش میں بی جے پی کے 20 ماہ بمقابلہ ایس پی اور بی ایس پی کے 15 سال کا کام کاج عوام کے سامنے ہے اور یہی ترقیاتی کام 2019 میں بی جے پی کو بڑی جیت دلائے گا۔